عینک والا جن کی بل بتوڑی دنیائے فانی سے رخصت ہوگئیں۔

مشہور پاکستانی ڈرامے عینک والا جن میں بل بتوڑی کا کردار نبھانے والی خاتون اداکارہ نصرت آراء دنیائے فانی سے رخصت ہوگئیں۔

90 کی دہائی میں سرکاری ٹی وی پر بچوں کے ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ نے خوب مقبولیت حاصل کی اور ایک ایک کرادر نے مداحوں کے دل میں ایسی جگہ بنائی کہ ڈرامے کو دیکھنے والے اُس دور کے بچے ان کرداروں کو آج تک نہ بھولے۔

بل بتوڑی کا کردار کرنےوالی نصرت آراء نے اپنے فنی کیرئیر میں صرف ایک مشہور ڈرامہ ”عینک والا جن’ ہی کیا جس میں ان کے کردار کو خوب پسند کیا گیا جب کہ ڈرامہ کے اختتام کے بعد کوئی بڑے ڈرامہ پروجیکٹ نہیں کیے گئے۔

نصرت آراء 30 سال قبل کراچی سے لاہور منتقل ہوگئی تھیں تاکہ کسی بڑے ڈرامہ میں کام کرسکیں لیکن عینک والا جن کے علاوہ انہیں کوئی ڈرامہ نہ ملا۔

انڈسٹری میں شدید ناکامی کے باعث وہ مالی مشکلات سے بھی دوچار تھیں، تنگ کمرے میں رہنے والی نصرت آراء کے لیے کھانا پینا رہائش اور زندگی کا ہر معاملہ ہی الجھ گیا تھا۔

نصرت آراء کا کہنا تھا کہ انہیں بل بتوڑی کا مشہور کردار ہی لے ڈوبا۔

انہیں پھیپھڑوں کا عارضہ لاحق تھا جب کہ ایک سال قبل فالج کا دورہ پڑنے کے باعث انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں